مخدوش عمارتوں میں کلاسز پر پابندی،سکولوں کے سروے کا حکم

مخدوش عمارتوں میں کلاسز پر پابندی،سکولوں کے سروے کا حکم

80سال یا زائد پرانی عمارتوں کی نشاندہی کاحکم، ڈویژنل ڈائریکٹرز کو دورے کرنے کی ہدایت، ترقیاتی سکیمیں بروقت مکمل کی جائیں ، حکام محکمہ تعلیم نے خصوصی ٹاسک دے دیئے

ملتان (خصوصی رپورٹر)75سال سے پرانی سکولوں کی عمارتوں کا ڈیٹا اکھٹا کرنے کی ہدایت مخدوش عمارتوں میں کلاسز پر پابندی عائد کردی گئی تفصیل کے مطابق تعلیمی اداروں میں جاری ترقیاتی سکیموں کی مؤثر نگرانی اور خستہ حال عمارتوں کی بحالی کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں زیرِ تکمیل ترقیاتی منصوبوں والے سکولوں کا خود دورہ کریں اور کام کے معیار، رفتار اور شفافیت کو یقینی بنائیں تاکہ منصوبے بروقت مکمل ہو سکیں۔حکام نے واضح کیا ہے کہ ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور اس حوالے سے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے ۔ مزید برآں، ڈویژنل ڈائریکٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 80 سال سے زائد پرانی سکول عمارتوں کی نشاندہی کریں اور ان کی موجودہ حالت کا تفصیلی جائزہ لے کر بحالی (ریٹروفٹنگ) کے لئے جامع تجاویز مرتب کریں۔ذرائع کے مطابق ان اقدامات کا مقصد نہ صرف تعلیمی اداروں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا ہے بلکہ طلبہ اور اساتذہ کے لئے محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنا بھی ہے ۔ متعلقہ افسروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی رپورٹس مقررہ وقت کے اندر جمع کروائیں تاکہ آئندہ کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں