وہاڑی میں سرکاری درختوں کی غیر قانونی کٹائی کا انکشاف

وہاڑی میں سرکاری درختوں کی غیر قانونی کٹائی کا انکشاف

اہل علاقہ کی شکایات پر انتظامیہ نے فوری کارروائی کرکے سرکاری لکڑی قبضے میں لے لی

وہاڑی(نمائندہ خصوصی) نواحی اڈہ ماچھیوال کے گاؤں 168 ای بی میں سرکاری اراضی پر موجود قیمتی اور پرانے درختوں کی چوری کا سلسلہ جاری ہے ۔ ذرائع کے مطابق ایک بڑے درخت کی غیر قانونی کٹائی اور فروخت نے شہریوں میں تشویش پیدا کر دی۔ اس درخت کی مالیت تقریباً 4 لاکھ 50 ہزار روپے بتائی جاتی ہے ، جسے مبینہ طور پر عبدالرحمان ولد دلبر اور عبدالحفیظ ولد عبدالرشید نے ایک لکڑی کے بیوپاری کو تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار روپے میں فروخت کر دیا۔

اہل علاقہ کی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی انم اکرم اور تحصیلدار راؤ قمر نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر تفصیلی انکوائری کی۔ ابتدائی تحقیقات میں مبینہ ملزمان کو قصوروار قرار دیا گیا اور سرکاری لکڑی کو فوری تحویل میں لے لیا گیا۔ مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔تحصیلدار راؤ قمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری درختوں کی حفاظت کے لیے نگرانی کا نظام مزید سخت کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں