غیر قانونی سگریٹس کیخلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت
تمام ادارے مشترکہ حکمت عملی اپنائیں، کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد چودھری
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن اشفاق احمد چودھری کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس منعقد ہوا جس میں غیر قانونی سگریٹس کی خرید و فروخت اور اس کے خلاف جاری مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بلال سلیم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اسد علی بدھ، ضلعی انچارج پیرا فورس ملک اقبال لانگ سمیت اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو اور اسسٹنٹ کمشنر چوک سرور شہید نے شرکت کی۔اجلاس میں متعلقہ افسران نے ضلع میں غیر قانونی کاروبار کے خاتمے کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مختلف مقامات پر چھاپے مار کر غیر منظور شدہ سگریٹس ضبط کی گئی ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
کمشنر اشفاق احمد چودھری نے ہدایت کی کہ پولیس، ٹیکس اور محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ ادارے بلا امتیاز اور مشترکہ حکمت عملی کے تحت کارروائیاں تیز کریں۔ تاکہ اس غیر قانونی کاروبار کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی مہمات عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے نہایت اہم ہیں اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں تمام اداروں کو باقاعدہ رپورٹ پیش کرنے اور ہر ضلع میں کارروائی کی تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔ افسران نے کارروائیاں مزید تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ غیر قانونی سگریٹس کی سپلائی کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے ۔