صحت دشمنوں کیخلاف ایکشن ، ساڑھے 22 من ناقص چکن برآمد

صحت دشمنوں کیخلاف ایکشن ، ساڑھے 22 من ناقص چکن برآمد

مخدوم پور میں میٹ پروسیسنگ یونٹ پر چھاپہ، ملتان سے 5من ملاوٹی کھویا برآمد، ایک ملزم زیر حراست، پروڈکشن بند کردی گئی، زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا،ڈی جی

ملتان (لیڈی رپورٹر) ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے چارج سنبھالتے ہی صحت دشمنوں کیخلاف سخت آپریشنز کی ہدایات جاری کردیں، ملتان میں کھویا یونٹ اور خانیوال کے علاقے مخدوم پور میں میٹ پروسیسنگ یونٹ پر چھاپہ، ساڑھے 22 من مردہ مرغیاں، 5 من سے زائد ملاوٹی کھویا تلف، کھویا یونٹ سے ایک شخص گرفتار، ملزموں کیخلاف مقدمات درج، میٹ پروسیسنگ یونٹ اور کھویا یونٹ کو بند کردیا گیا۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر خانیوال اور ملتان میں بڑی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق خانیوال کے علاقے مخدوم پور میں کارروائی کی گئی، جہاں غیر قانونی میٹ پروسیسنگ یونٹ پر چھاپہ مارا گیا۔ کارروائی ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز عامر افتخار کی سربراہی میں کی گئی۔چھاپے کے دوران ساڑھے 22 من مردہ مرغیاں برآمد ہوئیں جنہیں موقع پر ہی تلف کر دیا گیا جبکہ ملزموں کے خلاف فوڈ سیفٹی قوانین کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق مردہ مرغیوں کو تھیلوں میں چھپا کر انتہائی گندگی اور غلاظت والی جگہ پر رکھا گیا تھا اور انہیں مختلف فاسٹ فوڈ پوائنٹس اور ہوٹلوں کو سپلائی کیا جانا تھا۔ اسی طرح ملتان کے علاقے چونگی نمبر 11 مخدوم رشید روڈ پر واقع کھویا یونٹ کو چیک کیا گیا۔ ٹیسٹ کے دوران کھوئے کی تیاری میں ممنوعہ اور مصنوعی اجزاء کی ملاوٹ پائی گئی۔ سیمپل فیل ہونے پر مضر صحت کھویا تلف کردیا گیا جبکہ ملزموں کیخلاف ایف آئی آر درج کرکے ایک شخص کو موقع سے حراست میں لے لیا گیا۔ مزید کارروائی کرتے ہوئے کھویا یونٹ کی اصلاح تک پروڈکشن بند کردی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ \\\"صحت مند پنجاب\\\" ویژن کے تحت شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں