بیکری پر چھاپہ، خراب انڈے ، زردی تلف کردی

بیکری پر چھاپہ، خراب انڈے ، زردی تلف کردی

5ہزار خراب انڈے ،220کلو زردی برآمد،بیکری تااصلاح بند

ملتان (لیڈی رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جہانیاں کے علاقے جلال آباد میں کارروائی کرتے ہوئے خراب اور حشرات زدہ انڈوں سے غیر معیاری بیکری آئٹمز تیار کرنے کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔فوڈ سیفٹی ٹیموں نے بیکری پر چھاپہ مار کر 5 ہزار خراب انڈے اور 220 کلو انڈوں کی زردی تلف کر دی۔ حکام کے مطابق بدبودار اور ناقص انڈوں سے کیک، پیسٹری، رس اور دیگر بیکری اشیا تیار کرکے مارکیٹ میں سپلائی کی جانی تھیں۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ مضر صحت انڈوں سے خوراک تیار کرنا فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔کارروائی کے دوران بیکری کی پیداوار اصلاح تک بند کر دی گئی جبکہ مالک کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جعل سازی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی اقدامات جاری رہیں گے اور شہریوں کو محفوظ خوراک کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں