بارشوں سے گندم کی پیداوار متاثر حدف کی تکمیل دائو پر کروڑوں کا نقصان

بارشوں سے گندم کی پیداوار متاثر حدف کی تکمیل دائو پر کروڑوں کا نقصان

اکثر علاقوں میں گندم کے سٹہ کا سائز چھوٹا اور رنگ بھی کالا پڑ گیا ، فی ایکڑ پیدوار بھی آٹھ بوری تک محدود رہی ، ساری صورتحال میں کاشتکار خوار ہو کر رہ گئے

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) حالیہ طوفانی بارشوں کا شاخسانہ، گندم کی پیدوار شدید متاثر،حد ف کی تکمیل داؤ پر لگنے کے ساتھ ساتھ کروڑو ں روپے کے نقصان نے کاشتکاروں کی کمر دوہری کر کے رکھ دی ہے ، ذرائع کے مطابق امسال گندم کی پیدوار اگرچہ بہتر ہوئی تھی مگر مار چ کے آخر اوراپریل کے آغاز سے ہونیوالے طوفانی بارشوں کی وجہ سے گندم کی فصل شدید متاثر ہوئی ہے ، جس کے باعث اکثر علاقوں میں جہاں گندم کے سٹہ کا سائز چھوٹا اور رنگ بھی کالا پڑ گیا ہے ،یہی نہیں مختلف علاقوں میں گندم کی فی ایکڑ پیدوار بھی آٹھ بوری تک محدود رہی جبکہ سرکاری طور پر فی ایکڑ پیدوار بیس سے پچیس بوری گندم لگایا گیا تھا،جبکہ محکمہ زراعت حکام کی جانب سے اعدادو شمار کے ذریعے ڈویژنل و ضلعی حکام کو سب اچھا کی رپورٹ دی جا رہی ہے ، دوسری جانب سرگودھا ڈویژن میں دیگر علاقوں کی نسبت گندم کی خریداری کا عمل اب تک بہتر پوزیشن میں ہے تاہم اس کے باوجود مڈل مین کی جانب سے سستے داموں خریداری کے ساتھ ساتھ وسیع پیمانے پر گندم ذخیرہ بھی کی جا رہی ہے۔ اس ساری صورت حال میں کاشتکار خوار ہو کر رہ گئے اور آئندہ آٹے کی مصنوعی قلت کا بھی خدشہ پیدا ہو چکا ہے ،کاشتکار وں کا کہنا ہے کہ صورتحال بہترنظر نہیں آ رہی ، موثر حکمت عملی نہیں اپنائی جا رہی۔ ،اور اخراجات ناقابل برداشت ہو چکے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں