ہسپتال میں جدید اسٹروک سینٹر کے قیام پر کام جلد شروع ہو گا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہیلتھ ریفارمز پروگرام کے تحت ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال میں جدید اسٹروک سینٹر کے قیام کیلئے عملی اقدامات تیزی سے جاری ہیں اور جلد اس منصوبے پر کام شروع کر دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ایمرجنسی اور جان بچانے والی سہولیات کی بہتری کیلئے متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب کے ممبران ملک محمد اصغر، اسجد چوہدری اور عمران گورائیہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ سرگودھا میں چلڈرن ہسپتال کے قیام کیلئے سمری پنجاب حکومت کو ارسال کر دی گئی ہے۔
اور قوی امکان ہے کہ آئندہ مالی سال میں اس منصوبے کیلئے فنڈز جاری کر دیئے جائیں گے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سوشل سکیورٹی ہسپتال کو عام شہریوں کیلئے بھی فعال بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری طبی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے انتظامات کیلئے پیشگی منصوبہ بندی شروع کر دی گئی ہے ۔ مویشی منڈیوں اور عارضی سیل پوائنٹس کیلئے میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
جبکہ شہر کے اندر غیر قانونی مویشی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی کیلئے خصوصی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے اور آلائشیں اٹھانے کیلئے 30 منٹ کا ریسپانس ٹائم مقرر کیا گیا ہے ۔