خانیوال، مخدوم پور پہوڑاں سکول کی لائٹس بہتر کرنے کا حکم
ڈی سی کا دورہ،نہم جماعت کے سالانہ امتحانات کے عمل اور سہولیات کا جائزہ
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ضلع خانیوال میں تعلیمی معیار کی بہتری اور میٹرک و نہم جماعت کے امتحانات میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ سرگرم ہے ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول مخدوم پور پہوڑاں کا اچانک دورہ کیا۔انہوں نے امتحانی مرکز میں جاری نہم جماعت کے سالانہ امتحانات کے انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور امتحانی عمل کی نگرانی کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات، بیٹھنے کے انتظامات، روشنی اور ماحول کا تفصیلی معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے سکول کی عمارت کے مختلف حصوں کا بھی دورہ کیا اور کلاس رومز میں لائٹس کی ناکافی صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے فوری بہتری کے احکامات جاری کیے ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔