ڈاکٹر کا گلے کا غلط آپریشن ،شہری کا زندگی پر ادویات پر انحصار
70ہزار روپے فیس دی،اب ماہانہ 30ہزار کی ادویات لینے پر مجبور ہوں‘عامر صدیق
لودھراں (سٹی رپورٹر) شہری کا ڈاکٹر پر گلے کا مبینہ غلط آپریشن کرنے کا الزام ‘ وزیر اعلیٰ سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ وارڈ نمبر 7 محلہ CIA سٹاف لودھراں کے رہائشی عامر صدیق نے اپنی اہلیہ اور بچوں کے ہمراہ لودھراں پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام لگایا کہ 2020 میں گلے کے علاج کیلئے وہ ایک نجی ہسپتال گئے جہاں ڈاکٹر ارشد عباس نے آپریشن کیا اور 70 ہزار روپے فیس لی۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں طبی پیچیدگیوں کے باعث انہیں مسلسل ادویات لینا پڑ رہی ہیں اور اب وہ ماہانہ تقریباً 30 ہزار روپے کی ادویات لینے پر مجبور ہیں جو ان کی قوت خرید سے باہر ہے ۔ متاثرہ شہری نے الزام لگایا کہ دوسرے ڈاکٹر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران مبینہ طور پر ایک اہم غدود نکال دیا گیا ہے جس کے باعث انہیں زندگی بھر ادویات پر انحصار کرنا پڑے گا۔عامر صدیق نے کہا کہ انہوں نے متعدد محکموں کو درخواستیں دیں لیکن شنوائی نہیں ہوئی، لہٰذا ذمہ دار ڈاکٹر کا لائسنس منسوخ کر کے انصاف فراہم کیا جائے ۔دوسری جانب ڈاکٹر ارشد عباس نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف انکوائریاں ہو چکی ہیں اور آپریشن درست کیا گیا تھا۔