اپریل کی 2روز کی تنخواہ کاٹنے پر سرکاری ملازمین کا احتجاج

اپریل کی 2روز کی تنخواہ کاٹنے  پر سرکاری ملازمین کا احتجاج

ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب حکومت کی جانب سے صحت اور تعلیم کے اداروں کے ملازمین کی اپریل کی تنخواہوں سے دو روز کی کٹوتی پر شدید ردعمل سامنے آگیا۔۔

ذرائع  کے مطابق معاشی دباؤ کم کرنے کے لئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے دو دن کی کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم وفاقی حکومت نے محکمہ صحت اور تعلیم کے ملازمین کو اس کٹوتی سے مستثنیٰ قرار دیا تھا۔اس کے باوجود پنجاب میں صحت اور تعلیم کے ملازمین کی تنخواہوں سے بھی کٹوتی کر لی گئی، جس پر فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر ڈاکٹر محمد بنیامین نے سخت احتجاج کیا ہے ۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب حکومت کا یہ فیصلہ کسی صورت قبول نہیں۔ دیگر صوبوں میں محکمہ صحت اور تعلیم کے ملازمین کی تنخواہوں سے کوئی کٹوتی نہیں کی گئی۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات، وزیر خزانہ پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ یونیورسٹی ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی کا فیصلہ فوری واپس لیا جائے ۔ڈاکٹر محمد بنیامین نے کہا کہ کٹوتی کی گئی رقم ملازمین کو واپس کی جائے اور وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق صحت و تعلیم کے شعبوں کو استثنیٰ دیا جائے ۔انہوں نے خبردار کیا کہ مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو فپواسا پنجاب جلد آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں