پاک چین سفارتی تعلقات کی پون صدی مکمل ،تقریب
ملتان (خصوصی رپورٹر)ویمن یونیورسٹی ملتان میں پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے سلسلے میں شاندار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا اہتمام شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن نے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور ۔۔
چینی قونصل خانہ لاہور کے اشتراک سے کیا۔تقریب میں پاک چین دوستی کی علامت یادگاری سکے اور خصوصی ڈاک ٹکٹ کے ڈیزائن کی رونمائی کی گئی، جو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات، تعاون اور دوستی کی عکاسی کرتے ہیں۔ تقریب میں چینی قونصل خانے کے نمائندگان، جامعات کے عہدیداروں ، اساتذہ، انتظامی افسروں اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔طالبات نے ثقافتی پروگرام، تقاریر، مضمون نویسی اور کوئز مقابلوں میں بھرپور حصہ لیا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی اعتماد، احترام اور تعاون پر مبنی لازوال رشتہ ہے جبکہ سی پیک اس تعلق کی روشن مثال ہے ۔رجسٹرار ویمن یونیورسٹی نے شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ثقافتی ہم آہنگی کو بھی فروغ دیتی ہیں۔کوائن اور پوسٹل سٹامپ ڈیزائن مقابلوں میں 56 طالبات نے حصہ لیا۔ جیوری کے فیصلے کے مطابق کوائن ڈیزائن میں اریبہ مبارک پہلی، ملائکہ نذیر دوسری اور فروا خان تیسری رہیں، جبکہ پوسٹل اسٹامپ ڈیزائن میں مقدس فاطمہ پہلی، ملائکہ آصف دوسری اور ایمان حماد تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔