کرنٹ لگنے اور زہریلی گولیاں نگلنے سے دو نوجوان جاں بحق
شوکت سولر سسٹم کی تارٹھیک کرتے چل بسا، افضل گھریلو ناچاقی سے دلبرداشتہ تھا
جہانیاں(نامہ نگار،نمائندہ دنیا)جہانیاں میں دو مختلف واقعات میں دو نوجوان جاں بحق ہوگئے ۔ نواحی گاؤں 136دس آر کا رہائشی 25سالہ محنت کش شوکت علی کھیتوں میں ٹیوب ویل سے پانی لگا رہا تھا کہ سولر پینل سسٹم کی تار میں خرابی کے باعث اسے شدید کرنٹ لگ گیا۔ واقعہ کے بعد اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ دوسرے واقعہ میں نواحی گاؤں 146دس آر کا رہائشی 20سالہ نوجوان محمد افضل نے گھریلو جھگڑے سے دلبرداشتہ ہو کر مبینہ طور پر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں نگل لیں۔ حالت خراب ہونے پر اسے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہانیاں منتقل کیا گیا جہاں سے تشویشناک حالت کے باعث نشتر ہسپتال ریفر کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔ بعدازاں ورثاء نے واقعہ کو اتفاقیہ حادثہ قرار دیتے ہوئے نماز جنازہ کے بعد تدفین کر دی۔ دونوں واقعات کے بعد علاقے میں افسوس کی لہر دوڑ گئی۔