مہنگائی ، پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ،عوامی مشکلات بڑھ گئیں
لوکل ٹرانسپورٹرز نے کرائے بڑھا دئیے ، حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) سابق ٹکٹ ہولڈر و امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 209 راؤ عارف سجاد نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عام آدمی کیلئے شدید مشکلات کا باعث بن رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے باعث اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ چکی ہیں جبکہ بے روزگاری نے شہریوں کی زندگی مزید مشکل بنا دی ہے ۔ کئی افراد کیلئے دو وقت کی روٹی بھی مشکل ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوکل ٹرانسپورٹ کرایوں میں غیر منظم اضافہ عام شہری کیلئے بڑا مسئلہ ہے ، جس کے باعث سفر کرنا بھی مہنگا ہو گیا ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی اور ٹرانسپورٹ کرایوں پر فوری قابو پایا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ کو چاہیے کہ عوامی مشکلات کے حل کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کرے تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے ۔