خانیوال،بغیر نمبر پلیٹ رکشوں اور موٹرسائیکلوں کی بھرمار
کم عمر ڈرائیوروں کے باعث حادثات میں اضافہ، شہری پریشان، کارروائی کا مطالبہ
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) شہر اور گردونواح میں بغیر نمبر پلیٹ رکشوں اور موٹرسائیکلوں کی بھرمار نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے جبکہ انتظامیہ کی خاموشی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ علاقہ مکینوں اور سیاسی و سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیل کے مطابق گزشتہ چند ماہ سے شہر میں غیر رجسٹرڈ رکشوں اور موٹرسائیکلوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔ کم عمر لڑکے کھلے عام رکشے اور موٹرسائیکلیں چلا رہے ہیں جس کے باعث روزانہ حادثات معمول بن چکے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی عام ہو چکی ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔
مزید شکایات کے مطابق ان رکشوں میں اونچی آواز میں فحاشی پر مبنی گانے چلائے جاتے ہیں جس سے خواتین، بزرگوں اور بچوں کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ شہریوں نے متعدد بار متعلقہ حکام کو شکایات درج کرائیں مگر تاحال کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔علاقہ مکینوں نے کہا ہے کہ انتظامیہ کی بے بسی کے باعث صورتحال دن بدن خراب ہو رہی ہے ۔ سیاسی و سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی رکشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے ، کم عمر ڈرائیوروں پر پابندی لگائی جائے اور ٹریفک نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ شہری سکون کا سانس لے سکیں۔