مون سون: نکاسی آب کیلئے صفائی مہم تیز
اے بلاک فاطمہ جناح ٹاؤن، سلطان کالونی ودیگر علاقوں میں ڈی سلٹنگ کا عمل مکمل
ملتان (وقائع نگار خصوصی )مون سون سیزن سے قبل بھرپور اقدامات جاری ،شہریوں کو بہترین نکاسی آب کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے صفائی مہم تیز کردی گئی۔، شہر بھر میں سیوریج لائنوں کی صفائی اور نالوں کی ڈیسلٹنگ کا عمل جاری جبکہ مختلف مقامات پر وینچنگ مشینری کے ذریعے سیوریج لائنوں کی مکمل صفائی کا کام بھی جاری ہے ۔اس وقت مچھلی مارکیٹ میں 54 انچ قطر کی سیوریج لائن، چوک کمہاراں والا سے رشید آباد جانب خانیوال روڈ پر 42 انچ قطر کی سیوریج لائن اور ملتان ایونیو روڈ پر 30 انچ قطر کی سیوریج لائن کی وینچنگ مشینری کے ذریعے بھرپور صفائی کی جا رہی ہے ۔ ڈسپوزل سٹیشن ڈویژن کو خصوصی طور پر سیوریج نالوں کی صفائی کا ٹاسک دیا گیا ہے جبکہ رات کے اوقات میں بھی صفائی کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ایم ڈی واسافیصل شوکت نے سیوریج افسروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مہم کی کڑی مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے اور ڈپٹی ڈائریکٹرز انجینئرنگ و اسسٹنٹ ڈائریکٹرز انجینئرنگ خود فیلڈ میں جا کر کام کا جائزہ لیں۔
ڈی سلٹنگ کرنے والے ورکرز کے لیے خصوصی حفاظتی انتظامات کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ وہ محفوظ ماحول میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔ایم ڈی واسا کو پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز مختلف علاقوں میں ڈی سلٹنگ کے لیے خصوصی آپریشن جاری رہا جبکہ سوموار اور منگل کی درمیانی شب مختلف علاقوں میں صفائی کا عمل تیزی سے مکمل کیا گیا۔ اے بلاک فاطمہ جناح ٹاؤن، سلطان کالونی، لودھی کالونی روڈ، شاداب کالونی، ایچ بلاک فاطمہ جناح ٹاؤن، سبز واری ٹاؤن، گلزیب کالونی سٹریٹ نمبر 14، نیو شاہ شمس کالونی اور بستی خداداد میں ڈی سلٹنگ کا عمل مکمل کیا گیا۔
ایم ڈی واسا فیصل شوکت نے واضح کیا کہ ڈی سلٹنگ مہم میں کسی قسم کی سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، صفائی مہم کو مزید مؤثر اور تیز بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سیوریج لائنوں کی صفائی سے متعلق کارکردگی رپورٹس باقاعدگی سے پیش کی جائیں تاکہ مانیٹرنگ کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے ۔ شہریوں سے اپیل کی کہ کوڑا کرکٹ سیوریج لائنوں اور ڈرینز میں نہ پھینکیں کیونکہ اس سے نکاسی آب کا نظام متاثر ہوتا ہے اور مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے شہریوں کو آگاہ کیا کہ نکاسی آب سے متعلق شکایات آن لائن کمپلینٹ سیل کے رابطہ نمبر پر درج کرائی جائیں، تمام شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔