عیدالاضحی کی آمد،مویشی منڈی میں انتظامات کا جائزہ مکمل
ڈی اور اور ڈی پی او کادورہ لڈن منڈی ، سہولتوں اورسکیورٹی پلان کی ہدایت
وہاڑی (خبر نگار نمائندہ خصوصی)ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر تصور اقبال نے لڈن کا دورہ کیا اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر مویشی منڈی کے قیام کے لیے کیے جانے والے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے موقع پر ہدایت کی کہ مویشی منڈی میں خریداروں اور بیوپاریوں کیلئے سائے کا مناسب انتظام، صفائی، سکیورٹی، پارکنگ، پینے کے پانی اور چارے کی سہولیات ہر صورت یقینی بنائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو اسٹاک، زراعت، صحت، ریسکیو اور دیگر متعلقہ محکمے اپنے اپنے کیمپس قائم کریں تاکہ شہریوں کو تمام سہولیات ایک ہی جگہ دستیاب ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق مویشی منڈیوں کے انتظامات کو جدید اور منظم بنایا جا رہا ہے اور انتظامیہ اس حوالے سے متحرک ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ منڈی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر تصور اقبال نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر مویشی منڈیوں میں سیکیورٹی اور ٹریفک کیلئے جامع اور مؤثر پلان تیار کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔