مویشی منڈی میں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں : عوید ارشاد
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا دورہ ،سکیورٹی انتظامات اور لائٹنگ ، انتظامی امور کامعائنہ
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر )عید الاضحی کی آمد کے سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عوید ارشاد بھٹی نے مویشی منڈی کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں بیوپاریوں اور شہریوں کے لیے فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے منڈی میں صفائی ستھرائی پینے کے صاف پانی کی فراہمی سکیورٹی انتظامات اور لائٹنگ سمیت دیگر انتظامی امور کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منڈی میں آنے والے خریداروں اور بیوپاریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر متحرک ہے اور مویشی منڈیوں میں انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ شہریوں اور بیوپاریوں نے انتظامات کو سراہا اور مزید بہتری کی توقع ظاہر کی۔