ماچھیوال :مسافروں کیلئے انتظار گاہ نہ ہونے سے مشکلات
بس سٹاپ پر سہولیات نہ ہونے سے شہری شدید گرمی میں پریشان ہیں
ماچھیوال (نامہ نگار ) مین روڈ پر واقع بس سٹاپ پر مسافروں کے لیے انتظار گاہ کی عدم دستیابی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ خواتین، بچے ، بزرگ اور طالبات سخت گرمی میں دھوپ کے نیچے کھڑے ہو کر بس اور ویگن کا انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔ مقامی شہریوں کے مطابق اگر کہیں کوئی ٹوٹی پھوٹی جگہ موجود بھی ہے تو نشئی افراد کی موجودگی کے باعث وہاں بیٹھنا ممکن نہیں۔ بس سٹاپ پر نہ چھت، نہ پنکھوں، نہ ٹھنڈے پانی اور نہ ہی واش روم کی سہولت موجود ہے ۔ شہریوں اویس، عدنان، ابراہیم، چوہدری خلیل الرحمٰن، عالم شیر، آفتاب اقبال و دیگر نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر وہاڑی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ شہریوں نے کہا ہے کہ انتظار گاہیں قائم کر کے پنکھے ، ٹھنڈا پانی اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ مسافر شدید گرمی سے محفوظ رہ سکیں۔