ملتان ائیرپورٹ پر برڈ ہٹ سے بچاؤ کیلئے آگاہی واک
قربانی آلائشیں محفوظ مقامات پر پھینکنے کی اپیل، فضائی سفر محفوظ بنانے پر زور
ملتان (لیڈی رپورٹر)پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی ملتان انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے زیر اہتمام پرندوں کے جہازوں سے ٹکرانے کے خطرات اور محفوظ فضائی سفر سے متعلق آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک جمیل آباد ٹینک چوک سے ملتان ائیرپورٹ تک نکالی گئی، جس میں مختلف ائیرلائنز، گراؤنڈ ہینڈلنگ اور سکیورٹی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔واک کا مقصد ائیرپورٹ کے گردونواح میں رہنے والے افراد میں برڈ ہٹ کے خطرات اور جہازوں کو ممکنہ نقصان سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔ اس موقع پر منیجر ائیرسائیڈ ملک ندیم عباس اعوان نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی کے حوالے سے ذمہ دارانہ رویہ محفوظ ہوائی سفر میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی باقیات پرندوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہیں، جبکہ دورانِ پرواز پرندوں کا جہازوں سے ٹکرانا جانی و مالی نقصان کا سبب بن سکتا ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ قربانی کی آلائشیں صرف مختص مقامات پر تلف کی جائیں تاکہ ائیرپورٹ کے قریب پرندوں کی موجودگی کم سے کم رہے ۔منیجر ائیرسائیڈ نے شرکاء اور علاقہ مکینوں سے فضائی سفر کو محفوظ بنانے کیلئے پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے تمام شرکاء کا شکریہ بھی ادا کیا۔