مضر صحت کھیر کھانے سے 7بہن بھائی بے ہوش
احسان، عرفان، رمضان، انصار نذر، عدنان، معظم اور نسرین شامل
سکندرآباد (نامہ نگار)شجاع آباد کے نواحی علاقے موضع شیخ پورہ میں عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز پیش آنے والے افسوسناک واقعہ میں مبینہ طور پر مضر صحت کھیر کھانے سے ایک ہی خاندان کے سات بہن بھائیوں کی حالت تشویشناک ہو گئی۔متاثرہ بچوں کی شناخت 20 سالہ احسان، 19 سالہ عرفان، 17 سالہ رمضان، 14 سالہ انصار نذر، 12 سالہ عدنان، 10 سالہ معظم اور 4 سالہ نسرین کے نام سے ہوئی ہے ۔ تمام بچے نذر حسین کے بیٹے اور بیٹی ہیں۔خاندانی ذرائع کے مطابق بچوں نے گھر میں تیار کی گئی کھیر کھائی تھی، جس کے کچھ ہی دیر بعد ان کی طبیعت خراب ہونا شروع ہو گئی۔ اہل خانہ کے مطابق متاثرہ بچوں کو الٹی اور بے ہوشی کی کیفیت کا سامنا کرنا پڑا، جس پر گھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ اور تمام متاثرہ بچوں کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں ڈاکٹرز ان کا علاج کر رہے ہیں۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق بچوں کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور انہیں ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس بھی متحرک ہو گئی اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے جانچ کی جا رہی ہے جبکہ کھیر کے نمونے بھی تجزیے کیلئے بھجوانے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ بچوں کی حالت خراب ہونے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے ۔