عید تعطیلات میں 671 ایمرجنسی کالز، 722 افراد کو امداد
ریسکیو 1122 کا بروقت رسپانس، 350 زخمی افرادہسپتال منتقل کیے گئے
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مظفرگڑھ انجینئر عبیداللہ خان نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران پیش آنے والے حادثات اور ہنگامی حالات سے متعلق کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔ انہوں نے بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے تینوں ایام کے دوران ریسکیو کنٹرول روم مظفرگڑھ کو مجموعی طور پر 671 ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں، جن پر ریسکیو 1122 نے مقررہ اوسط رسپانس ٹائم برقرار رکھتے ہوئے بروقت اور مؤثر کارروائی کی۔انہوں نے بتایا کہ موصول ہونے والی کالز میں 90 روڈ ٹریفک حادثات، 474 میڈیکل ایمرجنسیز، 5 فائر ایمرجنسیز، 15 کرائم ایمرجنسیز اور 65 دیگر نوعیت کی ایمرجنسیز شامل تھیں۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 722 متاثرہ افراد کو امدادی خدمات فراہم کیں۔ ان میں 365 افراد کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دی گئی جبکہ 350 افراد کو ضروری طبی سہولیات کی فراہمی کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا۔ مختلف حادثات میں 7 افراد موقع پر جاں بحق بھی ہوئے ۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر عبیداللہ خان نے عید کے دنوں میں فرائض انجام دینے والے ریسکیورز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں نے اپنی خوشیوں کو پس پشت ڈال کر انسانیت کی خدمت کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے اہلکار ہر ہنگامی صورتحال میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ دوران سفر ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، غیر ضروری خطرات سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت امدادی کارروائی ممکن بنائی جا سکے ۔