ڈاکٹر پر نامناسب رویے کا الزام، تحقیقات شروع

ڈاکٹر پر نامناسب رویے کا الزام، تحقیقات شروع

ایک مریضہ نے ڈاکٹر اعجاز شاکر پر الزامات لگائے ،انکوائری کمیٹی قائم

میاں چنوں (سٹی رپورٹر) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میاں چنوں کے ایمرجنسی وارڈ میں تعینات ڈاکٹر اعجاز شاکر کے خلاف ایک خاتون مریضہ کے ساتھ مبینہ نامناسب رویے کے الزامات سامنے آنے پر متاثرہ خاندان نے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کر دیا ہے جبکہ ہسپتال انتظامیہ نے معاملے کی تحقیقات کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔لواحقین کے مطابق مبینہ واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد وہ شکایت کے ازالے کیلئے ایم ایس کے دفتر پہنچے ، تاہم انہیں مناسب داد رسی فراہم کرنے کے بجائے نامناسب رویے کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا الزام ہے کہ انہیں ایف آئی آر درج کروانے کی دھمکی بھی دی گئی۔متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر اعجاز شاکر نے 15 پر کال کر کے تین افراد کو پولیس کے ذریعے حراست میں دلوایا، تاہم مبینہ واقعے کی ویڈیو دیکھنے کے بعد پولیس نے انہیں رہا کر دیا۔

 لواحقین نے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور اگر الزامات درست ثابت ہوں تو ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ تحقیقات مکمل ہونے تک متعلقہ عملے اور ذمہ دار افسران کو معطل کیا جائے تاکہ انکوائری شفاف انداز میں آگے بڑھ سکے ۔دوسری جانب ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میاں چنوں نے واقعے کی جانچ کیلئے ڈاکٹرز پر مشتمل تین رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے ۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق کمیٹی مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ پیش کرے گی، جس کی روشنی میں آئندہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں