گرد آلود آندھی، بجلی معطل، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

گرد آلود آندھی، بجلی معطل، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

کوٹ ادو اور گردونواح میں گرد و غبار چھا گیا، ٹریفک و باغات شدیدمتاثر

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)شہر اور گردونواح میں گزشتہ روز اچانک چلنے والی شدید گرد آلود آندھی سے نظامِ زندگی بری طرح متاثر ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق سہ پہر تقریباً 3 بجے تیز ہواؤں کے ساتھ گرد آلود آندھی نے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث فضا میں گرد و غبار کے بادل چھا گئے اور معمولاتِ زندگی متاثر ہو گئے ۔گرد آلود آندھی کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تیز ہواؤں کے نتیجے میں مختلف مقامات پر درختوں سے پھل اور پھول جھڑ گئے جبکہ باغات کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ آندھی کے دوران حدِ نگاہ کم ہونے سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی اور شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے گریز کرتے رہے ۔اگرچہ آندھی کے باعث گرمی کی شدت میں وقتی کمی محسوس کی گئی ۔

تاہم گرد و غبار کے سبب متعدد افراد سانس، آنکھوں اور الرجی سے متعلق مسائل کا شکار ہو گئے ۔ مقامی زرعی ماہرین کے مطابق اس نوعیت کی اچانک آندھیاں فصلوں اور باغات کیلئے نقصان دہ ثابت ہوتی ہیں اور اس سے کسانوں کو مالی نقصان برداشت کرنا پڑ سکتا ہے ۔شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی جلد بحال کی جائے اور مستقبل میں ایسے موسمی حالات سے نمٹنے کیلئے مؤثر اور بروقت انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں