منشیات ناسور، نوجوانوں کا مستقبل تباہ کررہی،وقاراعظم
ملتان (کرائم رپورٹر)منشیات کے عالمی دن کے موقع پر پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس ملتان ڈویژن، اینٹی نارکوٹکس فورس ملتان، پاکستان یوتھ لیگ، ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان، محکمہ سماجی بہبود و بیت المال، سول سوسائٹی نیٹ ورک پاکستان اور آشیانہ ویلفیئر آرگنائزیشن کے اشتراک سے سیمینار اور انسداد منشیات آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کی قیادت ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن ملتان ڈویژن کرنل (ر) وقار اعظم، انسپکٹر اذلان (اینٹی نارکوٹکس فورس)، عنبرین عمر، علی بلوچ، پروفیسر ڈاکٹر بابر فرید، پروفیسر ڈاکٹر نگہت رضا اور محمد تحسین نے کی۔ تقریب میں طلبہ و طالبات، اساتذہ اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔سیمینار کے بعد \"آئیے مل کر اپنی نسلوں کو منشیات سے محفوظ کریں\" کے عنوان سے آگاہی واک بھی کی گئی جس کا مقصد نوجوانوں کو منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا تھا۔مہمانِ خصوصی کرنل (ر) وقار اعظم نے کہا کہ منشیات ایک خطرناک ناسور ہے جو نوجوان نسل کے مستقبل کو تباہ کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے خاتمے کے لئے تمام اداروں اور سماجی تنظیموں کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔مقررین نے زور دیا کہ منشیات سے پاک معاشرہ ہی صحت مند اور ترقی یافتہ پاکستان کی ضمانت ہے ۔ شرکاء نے منشیات کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔