پٹرولیم قیمتوں میں کمی خوش آئند، خواجہ عمار یاسر
ملتان (لیڈی رپورٹر)ممبر ایگزیکٹو کمیٹی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان، ضلعی چیئرمین خواجہ عمار یاسر نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی خوش آئند اقدام ہے ، تاہم یہ کمی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی نمایاں کمی کے تناسب سے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پٹرول کی قیمت کم از کم 220 روپے فی لٹر ہونی چاہئے جبکہ عوام اب بھی تقریباً 300 روپے فی لٹر قیمت ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حقیقی فوائد عوام تک پہنچائے جائیں۔خواجہ عمار یاسر نے کہا کہ حکومت نے وزراء، مشیروں اور سرکاری اداروں کے سابق اوقات کار بحال کر دیئے ہیں، اس لیے دکانوں، مارکیٹوں اور شاپنگ پلازوں کو رات 9 بجے بند کرنے کی پابندی بھی فوری ختم کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سمیت بیشتر علاقوں میں شہری شام کے اوقات میں خریداری کو ترجیح دیتے ہیں، اس لئے کاروباری سرگرمیوں پر پابندیاں تاجروں اور عوام دونوں کے لئے مشکلات پیدا کر رہی ہیں۔ انہوں نے اشیائے ضروریہ اور ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی سمیت مہنگائی کے خاتمے کے لئے مؤثر اقدامات کا مطالبہ بھی کیا۔