مطالبات نہ مانے تو ملک گیر احتجاج کیا جائیگا،کسان اتحاد

 مطالبات نہ مانے تو ملک گیر احتجاج کیا جائیگا،کسان اتحاد

بجٹ ثمرات بڑے شہروں تک محدود ،چھوٹے نظر انداز کئے جارہے ،خالد کھوکھر

 ملتان (لیڈی رپورٹر)پاکستان کسان اتحاد کے صدر خالد محمود کھوکھر نے وفاقی بجٹ اور حکومتی زرعی پالیسیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسانوں کے مسائل فوری حل نہ کئے گئے تو ماضی سے مختلف اور شدید احتجاج کیا جائے گا۔ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد محمود کھوکھر نے کہا کہ ملک کا کسان آج سیاہ پٹیاں باندھنے پر مجبور ہے جو حکومت کے لئے باعث تشویش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کے فوائد صرف بڑے شہروں تک محدود کر دیئے گئے جبکہ چھوٹے شہروں اور زرعی شعبے کو نظر انداز کیا جا رہا ہے جس سے زراعت شدید متاثر ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسان کی پیداواری لاگت مسلسل بڑھ رہی ہے لیکن اسے مناسب سہولیات اور یکساں مواقع فراہم نہیں کئے جا رہے۔ حکومت کسانوں کو ریلیف دینے کے بجائے صرف دعوؤں تک محدود ہے جبکہ کاشتکار شدید معاشی دباؤ کا شکار ہو چکا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا جس سے سبزیوں، پھلوں اور دودھ کی شہروں میں فراہمی بھی متاثر ہو سکتی ہے۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں