بینظیر بھٹو جمہوریت کی نڈر ، عظیم رہنما ،احمد محمود
جمہوری استحکام،عوامی حقو ق کا تحفظ ،سیاسی شعور بیدار کیا ،خواجہ رضوان
ملتان (لیڈی رپورٹر)پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود، سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم، عبدالقادر شاہین اور ملک نسیم حسین لابر نے بینظیر بھٹو کی 73ویں سالگرہ پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔مشترکہ میڈیا بیان میں رہنماؤں نے کہا کہ بینظیر بھٹو ملک کی ایک عظیم، نڈر اور باصلاحیت سیاسی رہنما تھیں جنہوں نے جمہوریت کے استحکام، عوامی حقوق کے تحفظ اور سیاسی شعور بیدار کرنے میں تاریخی کردار ادا کیا۔ انہوں نے ہر فورم پر عوام کی آواز بلند کی اور اپنی زندگی جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے وقف رکھی۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں خواتین کی قیادت کی روشن مثال تھیں۔ انہوں نے مشکل حالات میں بھی جمہوریت کا پرچم بلند رکھا اور غریب و محروم طبقات کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھی۔رہنماؤں نے کہا کہ بلاول زرداری اپنی والدہ کے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں اور سماجی انصاف، خواتین کے حقوق اور فلاحی منصوبوں کے ذریعے ان کے نظریات کو آگے لے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پارٹی کارکن بینظیر بھٹو کے عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھیں گے ۔