حافظ قرآن ملازمین کیلئے اضافی انکریمنٹ کا اعلان
میپکو کے 35 حافظ قرآن ملازمین کو اضافی سالانہ انکریمنٹ دیا جائیگا
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) انتظامیہ نے ‘‘حافظِ قرآن ریکگنیشن اینڈ ریوارڈ پالیسی 2025ء’’ کے تحت حافظ قرآن ملازمین کی حوصلہ افزائی کیلئے اہم اقدام کرتے ہوئے 35 ملازمین کو ایک اضافی سالانہ انکریمنٹ دینے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر ایچ آر ایم غلام عباس کی جانب سے جاری آفس آرڈر کے مطابق یہ فیصلہ سکرونٹی کمیٹی کی سفارشات اور پالیسی کے تحت کیا گیا۔ ان ملازمین کو یکم نومبر 2025ء سے موجودہ بنیادی پے سکیل میں ایک اضافی انکریمنٹ دی جائے گی، تاہم اس کا اطلاق فنانس ڈائریکٹوریٹ کی تصدیق سے مشروط ہوگا۔آفس آرڈر کے مطابق مختلف دفاتر، سرکلز اور ڈائریکٹوریٹس میں خدمات انجام دینے والے 35 حافظ قرآن ملازمین اس اعزاز کے مستحق قرار پائے ہیں۔ ان میں میٹر ریڈرز، اکاؤنٹس آفیسرز، کمرشل اسسٹنٹس، لائن سپرنٹنڈنٹس، ڈرائیورز، سکیورٹی گارڈز اور اسسٹنٹ لائن مین شامل ہیں۔میپکو انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد دینی خدمات انجام دینے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی، قرآنی تعلیمات سے وابستگی کو سراہنا اور ادارے میں مثبت و اخلاقی اقدار کے فروغ کو یقینی بنانا ہے ۔