سرکاری فائلیں غائب، سینئر کلرک برطرف، 2کی ترقی روک دی

سرکاری فائلیں غائب، سینئر کلرک برطرف، 2کی ترقی روک دی

محکمانہ انکوائری مکمل، سالانہ ترقی روکی گئی، قواعد پر عملدرآمد کی ہدایت

کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر) کالونی برانچ سے سرکاری فائلیں غائب ہونے کے اسکینڈل پر ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بلال سلیم نے سخت کارروائی کرتے ہوئے سینئر کلرک ملک ریاض احمد کو ملازمت سے برطرف کر دیا جبکہ دو جونیئر کلرکوں کی ایک سال کے لیے سالانہ ترقی روک دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر آفس چوک سرور شہید کی کالونی برانچ میں سرکاری ریکارڈ کی غیر مجاز ہینڈلنگ، گمشدگی اور مبینہ بے ضابطگیوں کے حوالے سے محکمانہ انکوائری کی گئی۔ انکوائری کے دوران مختلف مواضعات سے متعلق سرکاری ریکارڈ اور متعدد الاٹمنٹ فائلوں کے غائب ہونے کا انکشاف ہوا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے تحقیقات، ریکارڈ کی جانچ پڑتال، تحریری وضاحتوں اور سماعتوں کے بعد رپورٹ پیش کی جس میں ملک ریاض احمد پر سنگین بددیانتی اور حقائق چھپانے کے الزامات ثابت قرار دیے گئے ۔ رپورٹ کی روشنی میں انہیں ملازمت سے برطرف کر دیا گیا جبکہ جونیئر کلرک محمد راشد اور محمد حفیظ کی ایک ایک سالانہ انکریمنٹ روک دی گئی۔ ریٹائرڈ جونیئر کلرک خورشید احمد کو الزامات سے بری قرار دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے آئندہ سرکاری ریکارڈ کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں