غیر قانونی زرعی ادویات فروخت کرنے والے 4 افراد گرفتار
زائدالمعیاد ادویات ضبط، ملزموں کیخلاف مقدمات درج کر لئے گئے
کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر ) محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز مظفرگڑھ اور کوٹ ادو کی ٹیموں نے کارروائیاں کرتے ہوئے غیر قانونی اور زائدالمعیاد زرعی ادویات فروخت کرنے والے چار افراد کے خلاف مقدمات درج کرا دیے جبکہ بڑی مقدار میں ادویات قبضے میں لے کر سیز کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق کھر غربی روڈ دوری 29 ہزار پر واقع زوہیب ایگرو ٹریڈرز کی چیکنگ کے دوران محمد ایاز اور غلام حسین زرعی ادویات کی خرید و فروخت میں ملوث پائے گئے ۔ موقع پر موجود 25 کلو وزنی سلفر ڈبلیو پی زرعی دوا کے تھیلے پر تقسیم کنندہ کمپنی کا نام درج نہ تھا جبکہ ملزمان ڈیلرشپ، انوائس، سٹاک رجسٹر اور دیگر قانونی دستاویزات بھی پیش نہ کر سکے جس پر دوا قبضے میں لے کر سیز کر دی گئی۔ دوسری کارروائی میں علی ایگرو ٹریڈرز سے محمد آصف اور ریاض حسین کے قبضے سے زائدالمعیاد اور بغیر قانونی ریکارڈ والی زرعی ادویات برآمد ہوئیں۔ محکمہ زراعت کے پیسٹی سائیڈ انسپکٹرز کی مدعیت میں چاروں ملزمان کیخلاف زرعی پیسٹی سائیڈز آرڈیننس 1971 کے تحت الگ الگ مقدمات درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔