عون عباس کی مرحوم سیاسی شخصیات کے اہلخانہ سے تعزیت

عون عباس کی مرحوم سیاسی شخصیات کے اہلخانہ سے تعزیت

گلگت بلتستان انتخابات پر تحفظات، آزاد کشمیر میں انتخابی مہم چلانے کا اعلان

بورے والا (سٹی رپورٹر)تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے صدر سینیٹر عون عباس بپی نے بورے والا کا دورہ کیا اور سابق ایم این اے چودھری قربان علی چوہان اور سابق تحصیل نائب ناظم غلام مصطفیٰ بھٹی کے انتقال پر ان کی رہائش گاہوں پر جا کر تعزیت کی۔ انہوں نے مرحومین کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔اس موقع پر ضلعی صدر و ٹکٹ ہولڈر چودھری طاہر اقبال، ضلعی جنرل سیکرٹری سلمان بھابھہ، سابق ایم پی اے فیصل اکرم خان نیازی، شہباز خان سیال، صائمہ نورین ایڈووکیٹ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔ سینیٹر عون عباس بپی نے چودھری ذوالفقار علی چوہان، سابق ایم پی اے چودھری خالد محمود چوہان، غلام مرتضیٰ بھٹی، محمد شفیق بھٹی، صہیب خلیل اور جنید خلیل سے بھی ملاقات کی اور مرحومین کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عون عباس بپی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کو منظم انداز میں انتخابی عمل سے دور رکھنے کی کوشش کی گئی، تاہم عوام نے بڑی تعداد میں پارٹی کے مؤقف اور بانی چیئرمین عمران خان کی حمایت کی۔

 انہوں نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی امیدواروں اور کارکنوں کو یکساں مواقع فراہم نہیں کیے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور عوامی حمایت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں