یوم عاشور پرانتظامات،سکندر حیات، سلمیٰ بٹ کا خراج تحسین
صوبائی وزیر اور معاونِ خصوصی کا کنٹرول روم و جلوس کا دورہ، انتظامات پر اطمینان
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور وزیراعلیٰ پنجاب کی معاونِ خصوصی سلمیٰ بٹ نے لاہور موڑ پر مرکزی ماتمی جلوس کا دورہ کیا جہاں ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید اور ڈی پی او محمد عابد نے انہیں سکیورٹی، امن و امان، صفائی، طبی سہولیات اور دیگر انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایم پی اے بیرسٹر اسامہ فضل اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔صوبائی وزیر اور معاونِ خصوصی نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ستھرا پنجاب کے ورکرز کی کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا جہاں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا گیا۔ رانا سکندر حیات نے میڈیا کوبتایا کہ پہلی مرتبہ جلوسوں کے راستوں پر موبائل واش رومز، کلینک آن ویلز، فسیلیٹیشن کیمپس، موبائل سبیلیں اور مسٹ سپرے مشینیں فراہم کی گئیں جبکہ ایمرجنسی رسپانس پلان بھی فعال رہا۔ معاونِ خصوصی سلمیٰ بٹ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے خود محرم انتظامات کی مانیٹرنگ کی ، خواتین عزائداروں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ۔ ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے بتایا کہ ضلع بھر میں 82 جلوس اور 58 مجالس کے لیے فول پروف انتظامات کئے گئے ۔