نابیناافراد کا مطالبات کے حق میں آج احتجاجی دھرنے کا اعلان
دھرنا ڈی سی آفس کے سامنے ہوگا،مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ
کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار) بصارت سے محروم افراد کا اپنے مطالبات کے حق میں آج احتجاجی دھرنے کا اعلان،ڈی سی آفس کے سامنے جی ٹی روڈ پر دھرنا دیا جائے گا،مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری۔ رکھنے کا فیصلہ،ضلعی انتظامیہ،پولیس کو تحریری آگاہ کردیاگیا۔تفصیل کے مطابق ضلع کوٹ ادو کے بصارت سے محروم افراد نے اپنے آئینی اور بنیادی حقوق کے حصول کیلئے آج ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے جی ٹی روڈپر پرامن احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کر دیا ہے ۔بصارت سے محروم افرا کے نمائندگان کے مطابق مطالبات کی منظوری اورعملی پیش رفت تک احتجاج جاری رکھا جائے گا،دھرنے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر،ڈی پی او کوٹ ادو اور متعلقہ تھانوں کو پیشگی تحریری طور پر آگاہ بھی کردیا گیا ہے۔
نمائندگان اشرف علی محمد شمس ارشادعلی کا کہنا ہے کہ ضلع کوٹ ادو کے قیام کو3 سال گزرنے کے باوجود بصارت سے محروم افراد کے مسائل جوں کے توں ہیں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاحال ان کے مسائل کے حل کیلئے کوئی باضابطہ اجلاس بھی منعقد نہیں کیا گیا،انہوں نے کہا کہ ڈیلی ویجز ملازمین کو ملازمتوں سے فارغ کر دیا گیا ۔جبکہ ڈسٹرکٹ ویلفیئر اینڈ ری ہیبیلی ٹیشن یونٹ بھی تاحال فعال نہیں ہوسکا،انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ معذورافرادکیلئے مختص 3فیصد ملازمت کوٹے پرفوری عملدرآمدکیاجائے ،مستقل روزگارکی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کی خالی آسامی پرفوری تعیناتی عمل میں لائی جائے ۔