گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے اجرا کا عمل تیز کرنیکی ہدایت جاری

گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے اجرا کا عمل تیز کرنیکی ہدایت جاری

زیر التوا ریونیو مقدمات کا جائزہ، عوامی آگاہی مہم مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا

وہاڑی (خبر نگار،نمائندہ خصوصی)ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت پلس پراجیکٹ سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں زیر التوا پارٹیشن فائلوں، وانڈہ جات اور دیگر ریونیو امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں مختلف معاملات پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو مقررہ اہداف بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے حکومت پنجاب کی جانب سے متعارف کرائے گئے گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے اجرا کا عمل مزید تیز کرنے اور اس حوالے سے عوامی آگاہی مہم مؤثر انداز میں چلانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو اس سہولت کے فوائد سے آگاہ کرنا متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس نظام سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کا مقصد جائیداد کی خرید و فروخت میں شفافیت کو یقینی بنانا، جعلسازی کی روک تھام، قانونی ملکیت اور قبضے کی تصدیق کو آسان بنانا ہے ۔ اس جدید نظام سے شہریوں کا اعتماد بڑھے گا اور ریونیو معاملات میں شفافیت کو فروغ ملے گا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو صبا سحر، اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی انعم اکرم، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر پلس پراجیکٹ میاں شہباز شریف اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی اور مختلف ریونیو معاملات پر اپنی اپنی بریفنگ پیش کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں