انتظامی غفلت،دربار لنگر خانہ و کوارٹروں پر مبینہ قبضہ

انتظامی غفلت،دربار لنگر خانہ و کوارٹروں پر مبینہ قبضہ

بجلی چوری، سہولتوں کی کمی ،زائرین کیلئے ناقص انتظامات پر شدید تحفظات

وہاڑی (نمائندہ خصوصی)دربار شریف کے سرکاری لنگر خانے اور انتظامی امور سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں، قبضوں اور سہولیات کی کمی پر زائرین اور مقامی افراد نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری اوقاف پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق محکمہ اوقاف کی مبینہ ملی بھگت سے سرکاری لنگر خانے پر عرصہ دراز سے پرائیویٹ افراد کے قابض ہونے کے الزامات سامنے آئے ہیں، جبکہ اوقاف انتظامیہ کے ریکارڈ میں زائرین کو لنگر فراہم کرنے کے بل بھی پاس کیے جاتے ہیں۔ اسی طرح ملازمین کے سرکاری کوارٹروں پر بھی مبینہ طور پر غیر متعلقہ افراد کے قبضے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ سرکاری میٹروں کے ذریعے متعدد گھروں اور دکانوں کو بجلی فراہم کیے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے ، جس کے بدلے مبینہ طور پر چند ہزار روپے وصول کرکے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے ۔ اس صورتحال کے باعث محکمہ کو ہر ماہ لاکھوں روپے کا نقصان پہنچنے کی شکایات بھی کی جا رہی ہیں۔زائرین کے مطابق دربار پر پینے کے پانی کے کولر خراب ہیں، سایہ دار جگہوں اور پنکھوں کی مناسب سہولت موجود نہیں جبکہ موجودہ پنکھے بھی خراب ہو چکے ہیں۔ شدید گرمی اور حبس کے باعث آئندہ عرس میں ہزاروں زائرین کی صحت متاثر ہونے اور کسی بڑے حادثے کے خدشات کا بھی اظہار کیا گیا ہے ۔عرس بابا حاجی شیر کی تین روزہ تقریبات 9 سے 11 جولائی تک شروع ہوں گی، تاہم مستقل منیجر کی عدم تعیناتی اور ناقص انتظامات پر زائرین نے احتجاج کرتے ہوئے محکمہ اوقاف پنجاب سے فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں