متنازع بل بنیادی انسانی حقوق کے خلاف، وکلاء محاذ

متنازع بل بنیادی انسانی حقوق کے خلاف، وکلاء محاذ

حکومت پنجاب کنٹرول ایکٹ فوری واپس لے ، رانا امجد علی ایڈووکیٹ

ملتان (کورٹ رپورٹر)پنجاب وکلاء محاذ نے پنجاب کنٹرول آف ہیبیچوئل آفینڈرز اینڈ اینٹی سوشل بیہیویئر ایکٹ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بل کی آڑ میں بنیادی انسانی حقوق سلب کئے جا رہے ہیں۔ چیئرمین پنجاب وکلاء محاذ رانا امجد علی امجد ایڈووکیٹ نے کہا کہ اس قانون کے نفاذ سے عوام پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اور انتظامیہ کو غیر معمولی اختیارات حاصل ہو جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ انتظامی و انٹیلی جنس کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر کسی بھی شہری کو تین ماہ تک گرفتار اور پابند سلاسل کیا جا سکے گا۔ بل میں بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے ، جائیداد ضبط کرنے ، فون اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کرنے جیسے اختیارات بھی شامل ہیں، جو بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلہ آنے سے پہلے انتظامیہ کی سفارش پر کارروائی عدلیہ کے آئینی کردار اور شفاف ٹرائل پر سوالیہ نشان ہے ۔ اس قانون سے سیاسی مخالفین، سماجی کارکنوں اور ناقدین کے خلاف غلط استعمال کا خدشہ بڑھے گا جبکہ عوام میں خوف، عدم تحفظ اور غیر یقینی کی فضا پیدا ہوگی۔رانا امجد ایڈووکیٹ نے کہا کہ یہ بل آئین پاکستان کے آرٹیکل 8 تا 28 اور قرآن و سنت کے اصولوں کے منافی ہے ۔ انہوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ متنازع بل فوری واپس لیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں