ایل پی جی سرکاری نرخوں کے برعکس مہنگی فروخت
نرخ نظرانداز، گراں فروشوں کیخلاف کارروائی کا شہریوں نے مطالبہ کیا
ماہڑہ (نامہ نگار) ماہڑہ، روہیلانوالی اور گردونواح میں ایل پی جی سرکاری نرخوں کے برعکس مہنگے داموں فروخت کیے جانے کا سلسلہ بدستور جاری ہے ، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ شہریوں کے مطابق اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی قیمت میں 67 روپے 33 پیسے فی کلو کمی کے بعد نئی قیمت 241 روپے 43 پیسے فی کلو مقرر کی گئی، جبکہ ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ نے ضلع بھر میں فروخت کے لیے 310 روپے فی کلو کا سرکاری ریٹ مقرر کیا ہے ۔ اس کے باوجود ماہڑہ، روہیلانوالی اور ملحقہ علاقوں میں ایل پی جی 380 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے ، جس سے صارفین کو اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے ۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اوگرا کے نوٹیفکیشن اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات کے باوجود متعلقہ ادارے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کرانے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں، جس کے باعث من مانی قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے ، گراں فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور عوام کو سستے داموں ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنا کر ریلیف فراہم کیا جائے ۔