سبزی منڈی کابینہ کی ایم این اے صدیق بلوچ سے ملاقات
آڑھتیوں کے مسائل سے آگاہ کیا، ترجیحی بنیادوں پر حل کی یقین دہانی
لودھراں (سٹی رپورٹر)سرکاری سبزی منڈی لودھراں کی نو منتخب کابینہ کے وفد نے رکن قومی اسمبلی محمد صدیق خان بلوچ سے ملاقات کی اور منڈی میں آڑھتیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔تفصیلات کے مطابق نو منتخب صدر شیخ محمد اختر، جنرل سیکرٹری محمد اکمل انصاری کی قیادت میں وفد نے رکن قومی اسمبلی سے ملاقات کی۔ وفد میں صدر مرکزی انجمن تاجران ملک محمد اصغر آرائیں، سینئر نائب صدر مرزا وسیم بیگ، شیخ طاہر الدین ایڈووکیٹ، چیئرمین مرکزی انجمن تاجران طاہر مسعود بٹ، منڈی کے آڑھتیوں اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ملاقات کے دوران کابینہ اراکین نے سرکاری سبزی منڈی کو درپیش مسائل، کاروباری مشکلات اور دیگر امور سے رکن قومی اسمبلی کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔محمد صدیق خان بلوچ نے مسائل کو توجہ سے سنتے ہوئے انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کروانے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں تقریباً 10 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے ، جن میں سڑکوں اور سیوریج سمیت شہری مسائل کے حل کو ترجیح دی جا رہی ہے ۔وفد کے شرکاء نے امید ظاہر کی کہ رکن قومی اسمبلی کی سرپرستی میں سرکاری سبزی منڈی کے مسائل کے حل اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے جلد عملی اقدامات کیے جائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments