خانیوال میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کا جائزہ
ڈپٹی کمشنر کا کنڈ سرگانہ اور فاضل شاہ بند کا دورہ، اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر‘ نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر خانیوال حنا ارشد نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کنڈ سرگانہ اور فاضل شاہ بند کا دورہ کیا اور متعلقہ اداروں کو تمام تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر اے ڈی سی آر فضل عباس، اسسٹنٹ کمشنر کبیر والا، محکمہ آبپاشی، ریسکیو 1122اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر کو دریائے راوی اور دریائے چناب میں پانی کی موجودہ صورتحال، حفاظتی بندوں کی مضبوطی، ممکنہ سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات اور ایمرجنسی پلان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی کمشنر حنا ارشد نے ہدایت کی کہ دریائی نشیبی علاقوں میں موجود آبادیوں کے بروقت اور محفوظ انخلا کو یقینی بنایا جائے جبکہ تمام ادارے باہمی رابطے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔انہوں نے فلڈ ریلیف کیمپس، محکمہ صحت اور لائیو سٹاک کے امدادی کیمپس کو ہر وقت فعال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متاثرین کو فوری امداد اور ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع خانیوال میں دریائی صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments