فوڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر ناقص خوراک تلف ،بیکریاں بند
ملتان، خانیوال اور وہاڑی میں فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ، لاکھوں روپے جرمانے
ملتان،وہاڑی،خانیوال(لیڈی رپورٹر، نمائندہ خصوصی،ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے خصوصی مہم کے تحت ملتان، خانیوال اور وہاڑی میں آئس فیکٹریوں، ریسٹورنٹس، بیکریوں، سپر سٹورز، پان شاپس اور دیگر فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن کرتے ہوئے ناقص اور مضر صحت خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کیں۔ملتان میں چوک شاہ عباس، ماڈل ٹاؤن چوک، مظفرگڑھ روڈ، چونگی نمبر 21، بی سی جی چوک، معصوم شاہ چوک، جان محمد چوک اور قاسم بیلا کے سات ریسٹورنٹس کو کھانوں کی تیاری میں رینسیڈ آئل، ایکسپائرڈ مصالحہ جات کے استعمال، ورکرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹس نہ ہونے اور صفائی کے ناقص انتظامات پر مجموعی طور پر ایک لاکھ 45 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ پیپلز کالونی اور خان بیلا روڈ جلال پور پیر والا کی دو آئس فیکٹریوں کو صفائی کے ناقص انتظامات اور سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے پر 45 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ معصوم شاہ روڈ کی ایک پان شاپ کو ایکسپائرڈ اشیا رکھنے پر 15 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔خانیوال میں غوثیہ چوک عبدالحکیم اور طارق آباد کی دو بیکریوں کو بیکری مصنوعات میں ممنوعہ رنگ کے استعمال اور پروسیسنگ ایریا میں حشرات کی موجودگی پر اصلاح تک پیداوار بند کر دی گئی۔ وہاڑی میں ایک ہوٹل کو میڈیکل سرٹیفکیٹس نہ ہونے پر 20 ہزار روپے جبکہ ماچھیوال اور سورو موڑ میلسی کے دو سپر سٹورز کو ایکسپائرڈ اشیا اور ممنوعہ چائنہ نمک فروخت کرنے پر 47 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ کارروائی کے دوران 9 کلو چائنہ نمک اور 36 لیٹر ایکسپائرڈ مشروبات بھی تلف کر دئیے گئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments