ملتان چیمبر آف کامرس الیکشن، دلچسپ مقابلے متوقع
فاطمہ ،حور ،سن کراپ نے فرینڈز گروپ میں شمولیت کا اعلان کردیا
ملتان (سٹاف رپورٹر)جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے 67 برس بعد ہونے والے انتخابی مرحلے سے قبل سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ فاطمہ گروپ، حور گروپ اور سن کراپ گروپ کی فرینڈز گروپ میں شمولیت کے بعد مقابلہ مزید دلچسپ ہو گیا ہے ۔1958ء میں قائم ہونے والے چیمبر کی بنیاد شیخ فاروق، پروفیسر ڈنشا جی اور خواجہ نیاز نے رکھی، جبکہ بعد ازاں میاں امداد احمد شیخ، مقبول احمد شیخ، میاں اقبال حسن اور خواجہ یوسف نے ادارے کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ماضی میں زیادہ تر قیادت مشاورت سے منتخب ہوتی رہی، تاہم 2019ء میں چودھری ذوالفقار نے باقاعدہ انتخابات کا مطالبہ کیا، اگرچہ اس وقت فاؤنڈرز گروپ کامیاب رہا اور بعد میں دونوں دھڑوں میں مفاہمت ہو گئی۔
رواں سال موجودہ صدر بختاور تنویر سے اختلافات کے بعد چودھری ذوالفقار، میاں فضل الٰہی اور شیخ سعید نے فرینڈز گروپ کو دوبارہ فعال کیا۔ میاں فیصل مختار، ڈاکٹر شفیق پتافی، انصر خان اور مجید نیازی کی شمولیت سے گروپ مزید مضبوط ہو گیا، تاہم میاں فرید مغیث، میاں راشد اقبال اور ملک اسرار اعوان کی موجودگی کے باعث فاؤنڈرز گروپ کو اب بھی برتری حاصل ہے ۔ذرائع کے مطابق محمود گروپ کے خواجہ یونس اور حسین ٹیکسٹائل کے میاں حسین احمد فضل کا کردار فیصلہ کن ہو سکتا ہے ۔ دوسری جانب صدارت کے امیدوار کا انتخاب بھی انتخابی نتائج پر گہرا اثر ڈالے گا۔ میاں فیصل مختار کے انتخاب نہ لڑنے کے اعلان کے بعد ڈاکٹر شفیق پتافی مضبوط امیدوار تصور کئے جا رہے ہیں، جبکہ اگر فاؤنڈرز گروپ کی جانب سے میاں فرید مغیث، ملک اسرار اعوان یا میاں راشد اقبال میدان میں آئے تو مقابلہ ان کے حق میں جا سکتا ہے۔ ستمبر میں ایک ہزار سے زائد ووٹر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments