میپکو کا کریک ڈاؤن، متعدد بجلی چور گرفتار، لاکھوں روپے وصول

میپکو کا کریک ڈاؤن، متعدد بجلی چور گرفتار، لاکھوں روپے وصول

جنوبی پنجاب میں آپریشن، میٹرز، ٹرانسفارمر اتارلئے ، مقدمات درج، بھاری ریکوری

ملتان (خصوصی رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد کی ہدایت پر جنوبی پنجاب میں بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوران مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد بجلی چور پکڑ لئے گئے ، لاکھوں روپے کے واجبات وصول کئے گئے جبکہ عدم ادائیگی پر میٹرز اور ٹرانسفارمر بھی اتار لئے گئے ۔سپرنٹنڈنگ انجینئر ملتان سرکل ساجد حسین گوندل کی ہدایت پر ڈسکوسپورٹ یونٹ اور سرویلنس ٹیموں نے مختلف سب ڈویژنوں میں کارروائی کرتے ہوئے 15 بجلی چور پکڑے۔

واپڈا ٹاؤن، گلگشت، نواں شہر اور شمس آباد سمیت مختلف علاقوں میں میٹر ریورسنگ، ٹمپرنگ، شنٹ، ڈسپلے واش، ڈائریکٹ کنڈی اور ڈیفیکٹو میٹر کے ذریعے بجلی چوری کے متعدد کیسز سامنے آئے ۔ ایک گیسٹ ہاؤس میں ٹیرف کا غلط استعمال کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر بجلی چوری بھی پکڑی گئی، جبکہ ایک صارف دیگر گھروں اور ہوٹل کو بھی غیر قانونی طور پر بجلی فراہم کرتا پایا گیا۔میپکو نے تمام بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لئے درخواستیں متعلقہ تھانوں کو بھجوا دیں، جبکہ بجلی چوری کی بروقت نشاندہی نہ کرنے پر متعلقہ میٹر ریڈرز کے خلاف محکمانہ کارروائی کی بھی سفارش کی گئی۔

ادھر ساہیوال میں میپکو ٹیم نے ایک منی گرڈ بے نقاب کیا، جہاں ایک شخص مین لائن سے غیر قانونی کنکشن لے کر نو دکانوں کو سب میٹرز کے ذریعے بجلی فراہم کر رہا تھا۔ ٹیم نے پی وی سی کیبلز اور چھ سب میٹر اتار لئے اور متعلقہ افراد کے خلاف ایف آئی آر اور ڈیٹیکشن بل جاری کرنے کا عمل شروع کر دیا۔عارفوالہ کے احمد یار سب ڈویژن میں میپکو، رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران 14 غیر قانونی میٹر، پی وی سی کیبلز اور آٹھ سولر انورٹر قبضے میں لے لئے گئے ۔ کارروائی کے دوران دو لاکھ روپے کی ریکوری کی گئی۔ جبکہ ایک کروڑ 35 لاکھ روپے سے زائد واجبات کی وصولی کے لئے مزید کارروائی جاری ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...