ڈی سی وہاڑی کا شجرکاری مہم کا آغاز، اجلاس بھی منعقد
درخت لگانے کی ہدایت، جیل ہسپتال میں معیاری طبی سہولیات یقینی بنانے پر زور
وہاڑی(خبر نگار، نمائندہ خصوصی)ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ نے ڈی سی آفس کے سبزہ زار میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز غلام مرتضیٰ، اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی انعم اکرم اور ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز میاں نعیم عاصم نے بھی پودے لگائے جبکہ ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کے لیے شجرکاری ناگزیر ہے۔ درخت ماحول کو صاف رکھنے ، آب و ہوا بہتر بنانے اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے پودوں کی حفاظت اور نگہداشت پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔بعد ازاں خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پریزن ہیلتھ کونسل کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں جیل ہسپتال میں ادویات، طبی کٹس، لیبارٹری سامان، ڈاکٹرز کے ڈیوٹی روسٹر اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسیران کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ، ڈاکٹرز باقاعدگی سے وزٹ کریں اور مریضوں کی بروقت تشخیص و علاج میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments