پیرا فورس کو پرائس کنٹرول مزید مؤثر بنانے کی ہدایت

پیرا فورس کو پرائس کنٹرول مزید مؤثر بنانے کی ہدایت

سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے ، یوسف چھینہ

مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے ویژن کے تحت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز یوسف چھینہ کی زیرصدارت پیرا فورس کی کارکردگی کے جائزے کے لیے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پیرا فورس کی مجموعی کارکردگی، فیلڈ میں جاری انفورسمنٹ کارروائیوں، پرائس کنٹرول اقدامات اور عوامی شکایات کے ازالے کا جائزہ لیا گیا۔پیرا سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر حافظ خورشید ملک نے اجلاس کو مختلف علاقوں میں کی جانے والی کارروائیوں اور پرائس کنٹرول کے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔ اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی، مقررہ نرخوں پر اشیا کی دستیابی اور گراں فروشی و ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر یوسف چھینہ نے ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول کے لیے فیلڈ میں مؤثر نگرانی مزید تیز کی جائے اور سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانا اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا پہلی ترجیح ہے ۔انہوں نے پیرا فورس کے افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں اپنی موجودگی مؤثر بنائیں، عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کریں۔ اور وزیراعلیٰ پنجاب کے عوام دوست اقدامات کے ثمرات شہریوں تک پہنچانے میں بھرپور کردار ادا کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...