کوٹ ادو:رکشہ نہر میں گرنے سے بچہ اور2خواتین جاں بحق
بشیر مشوری کی فیملی شادی میں شرکت کے بعد واپس آ رہی تھی حادثہ پیش آگیاحادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، چھ افراد تاحال لاپتہ ،سرچ آپریشن جاری
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)کوٹ ادو کے علاقے سناواں کے قریب مظفرگڑھ کینال میں باراتیوں کو لے جانے والا لوڈر رکشہ تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر نہر میں جا گرا، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 9افراد ڈوب گئے ۔ حادثے میں ایک بچہ اور دو خواتین جاں بحق ہوگئیں جبکہ 6 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ریسکیو 1122 کے مطابق واقعہ کی اطلاع گزشتہ شام 5 بج کر 31 منٹ پر ملی، جس پر سناواں اور کوٹ ادو سے 4 ریسکیو گاڑیاں اور ایک بوٹ جائے حادثہ پر روانہ کی گئی۔ متاثرہ خاندان شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس آرہا تھا، بارات کے ساتھ 3 لوڈر رکشے جا رہے تھے جن میں سے ایک نہر میں جا گرا۔مقامی افراد نے 3 بچوں کو نہر سے نکالا۔ ریسکیو اہلکاروں نے ایک بچے کو موقع پر طبی امداد دی جبکہ 2 بچوں کو رورل ہیلتھ سنٹر سناواں منتقل کیا جہاں ایک بچے کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی۔بعد ازاں ریسکیو کی ٹیم نے دو خواتین کی لاشوں کو باہر نکال لیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے 7 سوئمرز، 3 غوطہ خور، ایک ریسکیو بوٹ اور 4 گاڑیوں پر مشتمل سرچ آپریشن جاری ہے ۔ نہر میں پانی کا تیز بہاؤ سرچ آپریشن میں رکاوٹ بن رہا ہے ۔ پولیس بھی موقع پر موجود ہے جبکہ حادثے کے باعث علاقے میں سوگ کی فضا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments