مظفرگڑھ ، پاک سعودی عرب ترکیہ دفاعی معاہدے کی تقریبات
طیب اردوان ہسپتال میں تقریب، قومی پرچم لہرائے ، واک، کیک کاٹے گئے
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کی خوشی میں مظفرگڑھ میں تین روزہ تقریبات کا آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں رجب طیب اردوان ہسپتال کو تینوں ممالک کے قومی پرچموں اور خوبصورت برقی قمقموں سے سجایا گیا۔ہسپتال میں منعقدہ خصوصی تقریب میں ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے ضلعی انتظامیہ، ہسپتال انتظامیہ، ڈاکٹرز، طبی عملے اور سیاسی و سماجی شخصیات کے ہمراہ کیک کاٹا۔ تقریب کے آغاز پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے قومی پرچم لہرائے گئے اور مسلم دنیا میں امن، استحکام، اتحاد اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔معاہدے کی خوشی میں ہسپتال میں واک بھی ہوئی، جس میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف، ہسپتال انتظامیہ، ضلعی افسران اور شہریوں نے شرکت کی۔ شرکا نے تینوں برادر ممالک کے درمیان دوستی اور باہمی تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے کہا کہ مشترکہ دفاعی معاہدہ تین برادر اسلامی ممالک کے درمیان اعتماد، یکجہتی اور دفاعی تعاون کا مظہر ہے ۔ اس سے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ رجب طیب اردوان ہسپتال پاکستان اور ترکیہ کی دیرینہ دوستی کی عملی علامت ہے ۔
تقریب میں رجب طیب اردوان ٹرسٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر تسمان اے ابن راساء، ضلعی افسران، ڈاکٹرز، طبی عملے ، سول سوسائٹی نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر تسمان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے کے مثبت اثرات پوری دنیا پر مرتب ہوں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments