زکریا یونیورسٹی ہاسٹل میں یوم آزادی کے سلسلے میں تقریب

زکریا یونیورسٹی ہاسٹل میں یوم آزادی کے سلسلے میں تقریب

طلبہ کی تقاریر، ملی نغمے پیش کئے ، ملکی سلامتی کیلئے دعائیں، کیک کاٹا گیا

 ملتان (خصوصی رپورٹر)بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے زینب ہال گرلز ہاسٹل میں 79واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے اور شایان شان انداز میں منایا گیا۔ تقریب کی صدارت وارڈن زینب ہال پروفیسر ڈاکٹر سیدہ عذرا بتول نے کی جبکہ چیئرمین ہال کونسل مہمان خصوصی تھے ۔ سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رقیہ صفدر باجوہ اور ڈاکٹر سعادت مجید سمیت طالبات نے شرکت کی۔تقریب میں طالبات نے پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے موضوع پر پرجوش تقاریر کیں جبکہ ملی نغمے بھی پیش کئے گئے ۔ طالبات نے پاکستان کی سالمیت اور خوشحالی کے حق میں نعرے لگائے ۔

تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا اور ملکی سلامتی، استحکام، خوشحالی و ترقی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔چیئرمین ہال کونسل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان کے لئے دی جانے والی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے ۔ طالبات حصول علم کے ساتھ ملک کی ترقی و خوشحالی میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے وارڈن زینب ہال پروفیسر ڈاکٹر سیدہ عذرا بتول کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی محنت اور کاوشوں کو ہال کی بہتری اور طالبات کی فلاح کے لئے نمایاں قرار دیا۔

پروفیسر ڈاکٹر سیدہ عذرا بتول نے پاک فوج اور پولیس کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پاکستان، کشمیر، ایران، لبنان اور فلسطین کے شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ایصال ثواب کے لئے سورۃ الفاتحہ پڑھنے کی درخواست کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...