سکول کھلنے سے قبل انسداد ڈینگی اقدامات جانچنے کا فیصلہ
ایس اوپیز پرعملدرآمد، مچھروں کی افزائش گاہیں ختم کرنے کی ہدایت
ملتان(خصوصی رپورٹر)سکول کھولنے سے پہلے پنجاب حکومت کا بڑا ایکشن، 100 فیصد سکولوں کی چھان بین کا حکم تفصیل کے مطابق پنجاب بھر کے سرکاری و نجی سکول 24 اگست کو موسم گرما کی تعطیلات کے بعد کھولنے کا اعلان کردیا گیا، تاہم سکولوں کے دوبارہ کھلنے سے قبل محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے انتظامیہ کو سخت امتحان میں ڈال دیا ہے تمام سکولوں میں صفائی، سکیورٹی، ڈینگی سے بچاؤ، بجلی کی حفاظت، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی دستیابی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے 100 فیصد سکولوں کے فزیکل معائنے لازمی قرار دے دیئے گئے ہیں محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے واضح کیا ہے کہ سکول کھلنے سے پہلے کسی بھی قسم کی غفلت، تاخیر یا ناقص انتظامات برداشت نہیں کئے جائیں گے اور عدم تعمیل کو سنجیدگی سے لیا جائے گا تمام انتظامات کو ٹاپ پرائیوریٹی قرار دیتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسرز ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو سختی سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔سکولوں کی عمارتوں، کلاس رومز، دفاتر، واش رومز، راہداریوں، کھیل کے میدانوں اور لانز کی مکمل صفائی اور دیکھ بھال کی جائے گی، جبکہ واٹر ٹینکس اور دیگر پانی کے ذخائر کو صاف اور جراثیم سے پاک کرنے کے ساتھ کھڑے پانی کا خاتمہ بھی ضروری ہوگا ۔
مون سون کے پیش نظر چھتوں، گراؤنڈز اور نکاسی آب کے راستوں کی بھی خصوصی جانچ کی جائے گی تاکہ سکول کھلنے کے بعد بارش کا پانی جمع ہونے اور ڈرینج کے مسائل پیدا نہ ہوں ڈینگی کے خلاف بھی سکول انتظامیہ کو الرٹ کردیا گیا ہے محکمہ نے تمام سکولوں میں انسدادِ ڈینگی ایس او پیز پر عملدرآمد اور مچھروں کی افزائش کے ممکنہ مقامات ختم کرنے کی ہدایت کی ہے اسی طرح زیر تعمیر یا مرمتی حصوں کو باقاعدہ بیریئر لگا کر طلبہ اور سٹاف کی رسائی سے محفوظ رکھنے کا حکم دیا گیا ہے سکولوں میں پنکھے ، لائٹس، سوئچز، ساکٹس، وائرنگ اور دیگر برقی آلات بھی چیک کئے جائیں گے ، جبکہ کلاس رومز میں مناسب فرنیچر، ہوا کی آمدورفت، صاف پانی، واش رومز اور صفائی کی بنیادی سہولیات مکمل طور پر فعال ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے سکیورٹی کے معاملے میں بھی محکمہ تعلیم نے سخت پالیسی اپناتے ہوئے تمام سرکاری و نجی سکولوں کو مقررہ سکیورٹی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی ہے اے پلس اور اے کیٹیگری سکولوں کی سکیورٹی کو خصوصی ترجیح دی جائے گی، جبکہ سی سی ٹی وی کیمرے اور دیگر سکیورٹی آلات بھی سکول کھلنے سے قبل مکمل طور پر فعال کرنا ہوں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments