یوم آزادی خوشی،فخر ،تشکر، تجدید عہد کا دن،فوادہاشم
نوجوان خود کو تعلیم ،صلاحیت ، ہنر ،ملکی ترقی کیلئے وقف کردیں ، خطاب
ملتان (وقائع نگار خصوصی) جنوبی پنجاب میں جشنِ آزادی کی مرکزی تقریب جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان میں منعقد ہوئی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی مہمان خصوصی تھے ۔ تقریب میں اقلیتی برادری کے نمائندگان، سپیشل سیکرٹریز، سرکاری افسروں، ملازمین، سول سوسائٹی اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ فواد ہاشم ربانی نے اقلیتی برادری کے نمائندگان کے ہمراہ سبز ہلالی پرچم لہرایا، جبکہ پنجاب پولیس، ریسکیو 1122 اور بوائز سکاؤٹس کے دستوں نے سلامی دی۔ مختلف سرکاری سکولوں کے بچوں نے ملی نغمے پیش کئے ۔ تقریب میں کیک کاٹا گیا اور ‘‘سرسبز پاکستان’’ مہم کے تحت شجرکاری بھی کی گئی۔خطاب کرتے ہوئے فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ یومِ آزادی خوشی، فخر، تشکر اور تجدیدِ عہد کا دن ہے ۔ پاکستان طویل جدوجہد اور بے شمار قربانیوں کے نتیجے میں معرضِ وجود میں آیا۔ انہوں نے اقلیتی برادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کا پاکستان ایسا ملک ہے جہاں مذہب، عقیدے یا برادری سے قطع نظر ہر شہری برابر ہے ۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ تعلیم، صلاحیت اور ہنر کو ملکی ترقی کے لئے وقف کریں، سوشل میڈیا کو مثبت مقاصد کے لئے استعمال کریں اور برداشت و رواداری کو فروغ دیں۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی، عوام کو شفاف و بروقت خدمات کی فراہمی اور کرپشن کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments