واسا: نکاسی وفراہمی آب کیلئے سرگرمیاں تیز: چھٹیاں منسوخ

واسا: نکاسی وفراہمی آب کیلئے سرگرمیاں تیز: چھٹیاں منسوخ

فیز ون کریٹیکل کمپوننٹ کے تحت ترقیاتی سکیموں کا 100 فیصد کام مکمل ، دیگر منصوبوں کی بروقت تکمیل ،تمام مشینری، ڈی واٹرنگ پمپس ،فیلڈ سٹاف کو مکمل طور پر فعال رکھنے کی ہدایتڈائریکٹر جنرل پنجاب واسا طیب فرید کا ہیڈ آفس میں اجلاس،مون سون کے انتظامات، ڈی سلٹنگ مہم اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ

ملتان (وقائع نگار خصوصی)مون سون میں نکاسی وفراہمی آب کیلئے واسا ہائی الرٹ، سرگرمیاں تیز، افسروں اوراہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب واسا طیب فرید نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران نکاسی آب اور شہری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے جامع پلان پر عملدرآمد جاری ہے ، صوبے بھر کی واسا انتظامیہ کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے جبکہ مون سون سیزن کے دوران ہزاروں افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں تاکہ فراہمی و نکاسی آب کی سہولیات بلا تعطل جاری رہیں اور بارش کے دوران شہریوں کو مشکلات سے بچایا جاسکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے واسا ہیڈ آفس شمس آباد میں مون سون انتظامات، ڈی سلٹنگ مہم اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایم ڈی واسا فیصل شوکت، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ حفیظ لغاری، ڈائریکٹر ریکوری محمد سعید ڈوگر، ڈائریکٹر فنانس منصور احمد، ڈائریکٹر ورکس حافظ محمد وقاص، ڈپٹی ڈائریکٹرز انجینئرنگ محمد ساجد، عمر ظفر گورمانی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ایم ڈی واسا فیصل شوکت نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملتان میں سیوریج اور نکاسی آب کے میگا منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون کے کریٹیکل کمپوننٹ کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں کا 100 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ دیگر منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تعمیراتی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ملتان میں 25اشاریہ 8ارب روپے کی لاگت سے سیوریج کے مختلف منصوبے جاری ہیں، جن میں بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی، نئی لائنوں کی تنصیب، ڈسپوزل اسٹیشنز کی تعمیر اور موجودہ نظام کی استعداد کار میں اضافہ شامل ہے ۔

ان منصوبوں کی تکمیل سے شہر کے دیرینہ سیوریج مسائل کے حل اور نکاسی آب کے نظام میں نمایاں بہتری متوقع ہے ۔ڈی جی پنجاب واسا طیب فرید نے جاری منصوبوں کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ مون سون کے پیش نظر تمام مشینری، ڈی واٹرنگ پمپس اور فیلڈ اسٹاف کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران نشیبی علاقوں میں فوری نکاسی آب کے لیے مؤثر انتظامات اور فیلڈ مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سیوریج مسائل کے مستقل حل پر توجہ دی جارہی ہے ۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں جاری میگا منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو دیرینہ مسائل سے نجات ملے گی اور مون سون کے دوران اربن فلڈنگ کے خطرات میں بھی کمی آئے گی۔ اس موقع پر ڈی سلٹنگ، ترقیاتی منصوبوں اور ریکوری سے متعلق بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اور افسران کو تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...